درد دوئی

اک عجیب سا درد ہے وہ
جو میرے گھر میں اترتا ہے
کبھی کسی حصے میں
کبھی کسی حصے میں
کبھی صحن کبھی پچھواڑے میں
کبھی عیں درمیان
جہاں میں اٹھتا بیٹھتا
یا سوتا ہوں۔
اور آتے ہی یوں لپیٹ میں لے لیتا ہے
میرے گھر کی ہر چھوٹی بڑی شے کو
جیسے وہ ہمیشہ سے اسی کی تھی
اور اسی کی رہنی ہے۔

اس درد کا عادی ہونا ناممکن ہے۔
ہر دفعہ اک نیا روپ دھار کے آتا ہے
کبھی نیلا کبھی پیلا
کبھی سفید کبھی کالا
اور مکمل غلامی کا تقاضا کرتا ہے۔
ایسی کہ بس اسی کی طرف دیکھوں
اسی کے آس پاس رہوں
اسی کا کہا مانوں
میرا ذرا بھی دھیان کا ادھر ادھر کرنا
ا س کا مزاج بگڑتا ہے۔

اسے شک ہے مجھے نفرت ہے
اس کی غلامی سے۔
جیسے جیسے اس کا یہ شک بڑھتا ہے
اس کے مظا لم بھی اسی رفتار سے بڑھتے ہیں۔
میرا چیخنا بھی بہت ناگوار ہے اس کو
کہ کہیں لوگ جان نہ جائیں
اس گھر کے منظر کو!

لیکن مجھے بھی
اب یہ فکر رہنے لگی ہے
میں اسی کا ہی نہ ہو جاﺅں آخر
یہ دھکیل دے مجھ کو
بے شعوری کے ویرانوں میں
اور میں ہی ساتھی ہوں اس کا
مجھے مٹانے میں۔
blog comments powered by Disqus