وہ اکثر سوچتا تھا
جب وہ مرے گا
اس کو کیسے اٹھا پائیں گے
اسے دفنانے والے!!
آخر اتنا بڑا تھا وہ
اتنے لوگوں کا حاکم تھا
اتنا بے حد احاطہ تھا اس کی شخصیت کا
اور شاید اس سے بھی بڑا
اس کی ملکیت اور جاگیروں کا۔
اس کو اٹھانے کے لیے یقینا
بہت بڑی مشینوں کی ضرورت ہو گی۔
تب اس نے حکم دیا
ایسی مشینوں کی تعمیر کا
جن سے اس کا اٹھانا ممکن ہو
جب وہ اس جہان فانی سے
کوچ کرے گا۔
مشینیں بن تو گئیں
دن رات کی محنت سے
مگر بنتے ساتھ ہی بیکار ہوئیں
کیونکہ اس عرصے میں
وہ اور بھی بڑا ہو بیٹھا تھا۔
تب اور مشینیں بنیں
اور پھر اور
حتی کہ وہ وقت بھی آیا کہ
سارا ملک ہمہ وقت ان مشینوں کی
تعمیر میں مصروف رہنے لگا
جن سے اس کے مرنے کے بعد
اس نے اٹھایا جانا تھا۔
اس سارے ہنگامے میں
کسی کو بھی یہ خیال نہ آیا
کہ اس ہمہ وقت کی مشکل کا
کوئی اور حل بھی ممکن تھا۔
٭٭٭٭٭